بی این پی لانگ مارچ ، وڈھ سے کوئٹہ جگہ جگہ کنٹینرز نصب ، موبائیل نیٹ ورک بند ، کنٹنرز لگاکر ہمیں نہیں روکا جاسکتا،سردار اختر جان مینگل

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ کنٹینرز ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں۔ آج بلوچ قوم دنیا کو دکھائے گی کہ بلوچ خواتین و بچوں کو ہراساں کرنے کا مطلب کیا ہوتا ہے۔
سردار اختر مینگل نے وڈھ تا کوئٹہ لانگ مارچ شروع ہونے سے قبل سماجی رابطوں کی سائٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ پرامن لانگ مارچ کے لیے ہماری وابستگی کے باوجود، ہماری آواز کو دبانے کی کوشش میں خضدار سے کوئٹہ جانے والی سڑکوں اور تمام مرکزی داخلی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ لیکن یہ جان لیں کہ انشاء اللہ کوئی کنٹینر ہمیں نہیں روک سکتا۔اختر جان مینگل نے کہا کہ آج بلوچ قوم متحد ہو کر دنیا کو دکھائے گی کہ جب ہماری خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا جاتا ہے تو اس کا کیا مطلب ہوتا ہے۔ ہم خاموش نہیں رہیں گے۔
خیال رہے بلوچستان بھر میں انٹرنیٹ سروس کو معطل کردیا گیا ہے۔ کوئٹہ، خضدار، نوشکی سمیت دیگر شہروں میں انٹرنیٹ سروس بندش سمیت موبائل سگنلز کو بند کردیا گیا ہے۔