یوٹیوب میں بڑی تبدیلی کر دی گئی

نیویارک (قدرت روزنامہ) یوٹیوب میں ایک بہت بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے جو بیشتر صارفین کو پسند آئے گی خصوصاً وہ افراد جو مختصر ویڈیوز پوسٹ کرنا پسند کرتے ہیں۔

xیوٹیوب کی جانب سے یوٹیوب شارٹس کے ویوز کاؤنٹ کو تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین زیادہ بہتر طریقے سے سمجھ سکیں کہ ان کی مختصر ویڈیوز کس حد تک بہتر کام کر رہی ہیں۔اب یوٹیوب شارٹس میں کسی مختصر ویڈیو کو پلے یا ری پلے کرنے کے نمبر نظر آئیں گے۔اس سے قبل شارٹس میں ویوز نمبروں کی بجائے یہ دکھایا جاتا تھا کہ کسی شارٹ ویڈیو کو کتنے وقت کے لیے دیکھا گیا۔

کمپنی کے مطابق اس تبدیلی کی وجہ صارفین کا مطالبہ تھا جن کا کہنا تھا کہ وہ یہ سمجھنا چاہتے ہیں کہ شارٹس ویڈیوز کو حقیقت میں کتنی بار دیکھا جاتا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس تبدیلی سے صارفین کو بہتر اندازہ ہوسکے گا کہ ان کی ویڈیوز کی رسائی کتنی ہے اور اس کے مطابق وہ مواد تیار کرکے پوسٹ کرسکیں گے اور انہیں برانڈز کے ساتھ شراکت داری کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

اس اپ ڈیٹ کے بعد یوٹیوب شارٹس میں ویڈیوز ویوز کا سسٹم ٹک ٹاک اور انسٹا گرام ریلز جیسا ہوگیا ہے جن میں ویڈیو کو دیکھے جانے یا ری پلے کے نمبروں کو دکھایا جاتا ہے۔

صارفین اب بھی شارٹس ویڈیوز دیکھے جانے کے دورانیے کو ایڈوانسڈ موڈ میں جا کر دیکھ سکیں گے اور اب اسے انگیجڈ ویوز کا نام دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس تبدیلی سے صارفین کی وہ آمدنی متاثر نہیں ہوگی جو ویڈیوز دیکھے جانے پر انہیں ملتی ہے یا یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شمولیت کی اہلیت پر اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔

اس نئی تبدیلی کا اطلاق 31 مارچ سے ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *