خاتون کا اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کے ساتھ 92 کروڑ کا فراڈ، حیران کن انکشاف

بیجنگ (قدرت روزنامہ)چین میں وانگ وائی نامی خاتون نے دوستوں اور رشتے داروں کو ایسے 80 اپارٹمنٹس 2 کروڑ 40 لاکھ یوآن (92 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیے، جو اس کی ملکیت نہیں تھے اور کروڑوں روپے غبن کر لیئے۔
تفصیلات کے مطابق درحقیقت خاتون کے دوستوں اور خاندان کے افراد کو تو اس کا شبہ بھی نہیں ہوا۔2019 میں وانگ وائی نے اس فراڈ کا آغاز کیا اور اور 5 برسوں تک کسی کو بھی اس کا علم نہیں ہوسکا۔30 سال سے زائد عمر کی خاتون نے اس فراڈ کا آغاز اس وقت کیا جب زیادہ پرتعیش اشیا خریدنے پر اس کے کریڈٹ کارڈ کا بل بہت زیادہ بڑھ گیا۔
خاتون کے شوہر چینگ کو بھی فراڈ کا علم نہیں ہوسکا بلکہ وہ اپنے والد کی جانب سے لیے گئے ساڑھے 4 لاکھ یوآن کا قرضہ ادا کرنے کے لیے کفایت شعاری کی زندگی گزارنے پر زور دیتا تھا۔
وانگ وائی نے دریافت کیا تھا کہ ایک مقامی کمپنی نے نئے اپارٹمنٹس مختلف افراد کے نام الاٹ کیے ہیں۔جس کے بعد اس نے فوٹوشاپ کو استعمال کرتے ہوئے پراپرٹی سرٹیفکیٹس اور فلور پلان میں ردوبدل کیا اور پھر تالے بدلنے والے افراد سے متعدد اپارٹمنٹس کے تالے تبدیل کرا دیے۔
تالے بدلنے والے ایک فرد کے مطابق وانگ وائی نے دستاویزات پیش کرکے کہا تھا کہ وہ ان اپارٹمنٹس کی مالک ہیں تو ہمیں اس پر کوئی شبہ نہیں ہوا۔
اپارٹمنٹس کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد وانگ نے انہیں 42 رشتے داروں اور دوستوں کو فروخت کردیا، جن میں اس کی خالہ اور شوہر کی بہن بھی شامل تھی۔
اس نے اپارٹمنٹس کو کم قیمتوں میں فروخت کیا جیسے 11 لاکھ یوآن کی مالیت کا اپارٹمنٹ محض 6 لاکھ یوآن میں فروخت کیا۔5 برسوں کے دوران خاتون نے فراڈ سے حاصل کی گئی رقم کا بڑا حصہ چینی صوبے Harbin سے تعلق رکھنے والے ایک لائیو اسٹریمر زینگ زین کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق خاتون نے زینگ زین کے اوپر 98 لاکھ یوآن سے زائد خرچ کیے، اسے مہنگی گاڑیاں تحفے کے طور پر دیں اور اس کے لیے جائیدادیں بھی خریدیں۔
اس سے ہٹ کر دیگر مرد لائیو اسٹریمرز پر بھی خاتون نے لاکھوں یوآن خرچ کیے۔اس کے شوہر یا خاندان کے کسی بھی فرد کو وانگ وائی کی جانب سے منتقل کی جانے والی رقوم کا علم نہیں ہوا، درحقیقت شوہر مسلسل قرضے کی ادائیگی کرتا رہا۔
فراڈ کا علم ہونے کے بعد زینگ نے پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے رقم کو ریکور کرنے میں مدد فراہم کی۔اب تک حکام کی جانب سے 80 لاکھ یوآن کو واپس حاصل کیا جاچکا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 5 سال کے دوران 80 اپارٹمنٹس کو خاتون نے فروخت کر دیا اور کسی کو علم بھی نہیں ہوسکا، یعنی ان افراد کو جو ان اپارٹمنٹس کے حقیقی مالک تھے۔