حکومت چینی 164 روپے میں فروخت کرنے کے احکامات واپس لے، تاجر

اگر چینی کا بحران پیدا ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہو گی، صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چینی کی قیمت 164 روپے مقرر کرنے کے احکامات واپس لیے جائیں۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے بیان میں کہا کہ حکومت چینی 164روپے فروخت کرنے کے احکامات واپس لے، چینی کے بحران کے ذمہ دار مل مالکان اور حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسی کی سزا تاجروں کو نہ دی جائے، ہتھکڑیاں لگا کر تاجروں کی تذلیل کی جا رہی ہے۔
اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ تاجر چینی 165 روپے فی کلو خرید کر 164 روپے کلو فروخت نہیں کر سکتے، حکومت نے اگر یہ فیصلہ واپس نہ لیا تو چینی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر چینی کا بحران پیدا ہوا تو اس کی ذمہ دار حکومت ہو گی لہٰذا حکومت مل مالکان کے ساتھ چینی کے ریٹ طے کرے۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ تاجروں کے ساتھ زیادتی جاری رہی تو چینی فروخت کرنا بند کر دیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *