افغان باشندوں کی وطن واپسی کیلئے صوبوں کیساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا: محسن نقوی

اسلام آباد ( قدرت روزنامہ ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی وطن واپسی کیلئے صوبوں کیساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی واپسی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی وطن واپسی کے سلسلے میں لئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کا پروگرام (IFRP) 1 نومبر 2023 سے جاری ہے اور اس پروگرام کے دوسرے مرحلے میں افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو 31 مارچ تک رضاکارانہ طور پر پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کے مابین افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی واپسی پر عمل درآمد کے حوالے سے مسلسل رابطہ ہے، واپسی کے عمل میں صوبائی حکومتوں کو وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی تجاویز پر کمیٹی قائم کی گئی ہے، وزیر مملکت طلال چودھری صوبوں کا دورہ کریں گے تاکہ واپسی کے عمل میں پیش آنے والے مسائل کا ازالہ کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واپسی کے عمل کے دوران غیر ملکیوں سے اچھے برتاو¿ کی ہدایت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *