پاکستان نے اقلیتوں کی صورتحال پر بھارتی وزیر خارجہ کا بیان مسترد کر دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان نے اقلیتوں کی صورتحال پر بھارتی وزیر خارجہ کا بیان مسترد کر دیا، ترجمان دفتر خارجہ نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اقلیتوں کےحقوق کی حمایت کرنےکی پوزیشن میں نہیں، بھارت اقلیتی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والاملک ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کی صورتحال پر بھارتی وزیرخارجہ کا بیان مسترد کرتے ہیں۔ لوک سبھا میں بھارتی وزیرخارجہ کا بیان اور بحث مسترد کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ بھارت اقلیتوں کے حقوق کی حمایت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے، بھارت اقلیتی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والا ملک ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان میں ریاستی ادارے اقلیتوں کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں، بھارت میں اقلیتوں کو نشانہ بنانے کے متعدد واقعات ہوتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت میں یہ واقعات اکثر حکومتی ملی بھگت سے ہوتے ہیں، بھارتی حکومت دوسرے ممالک میں اقلیتوں پر تشویش پر باز رہے ۔
شفقت علی خان نے کہا کہ بھارتی حکومت اپنی ناکامیاں دور کرے، اسے اقلیتوں بشمول مسلمانوں کے تحفظ، تحفظ اور بہبود کو یقینی بنانے اور ان کی عبادت گاہوں، ثقافتی ورثے اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔