زلزلے کے دوران ہسپتال خالی، مریض باہر منتقل ، خاتون نے سڑک پر بچے کو جنم دے دیا

بینکاک (قدرت روزنامہ) میانمار اور تھائی لینڈ میں آنے والے شدید زلزلے کے جھٹکوں کے باعث بینکاک کے ایک ہسپتال کو خالی کرانا پڑا جس کے نتیجے میں ایک حاملہ خاتون نے ہسپتال کے باہر سڑک پر بچے کو جنم دیا۔
نیوز 18 کے مطابق خاتون نے سٹریچر پر بچے کو جنم دیا جبکہ ہسپتال کے عملے نے اسے گھیرے میں لے کر مکمل طبی مدد فراہم کی۔ زلزلے کے جھٹکوں کے بعد بینکاک کے بی این ایچ ہسپتال اور کنگ چولالونگ کورن میموریل ہسپتال کے مریضوں کو قریبی پارک میں منتقل کر دیا گیا، جہاں کچھ مریض وہیل چیئر اور سٹریچر پر لائے گئے۔
ہسپتال کی عمارت خالی کرائے جانے کے بعد طبی عملہ باہر کھلے آسمان تلے مریضوں کا علاج اور دیکھ بھال کرتا رہا۔ زلزلے کے بعد پیش آنے والی اس ہنگامی صورتحال کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس میں ہسپتال کے باہر پیدا ہونے والے بچے کی جھلکیاں بھی شامل ہیں۔
میانمار اور اس کے ہمسایہ ملک تھائی لینڈ میں جمعہ کی دوپہر آنے والے شدید زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی، جبکہ 2300 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ زلزلے کے جھٹکے بینکاک تک محسوس کیے گئے، جس کے باعث کئی عمارتیں، پل اور ایک عبادت گاہ بھی منہدم ہو گئی۔
ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز میانمار کے دوسرے بڑے شہر منڈالے کے قریب تھا۔ زلزلے کے بعد بھی کئی جھٹکے محسوس کیے گئے، جن میں سے ایک کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی۔