کراچی:عید کی خریداری کیلئے جانے والے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کار کی ٹکر سے جاں بحق

کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی میں مائی کلاچی روڈ پر ریلوے پھاٹک کے قریب کار اور موٹر سائیکل میں ٹکر ہوگئی، جس کے نتیجے میں عید کی خریداری کے لیے جانے والے موٹر سائیکل سوار میاں اور بیوی جاں بحق اور بچی شدید زخمی ہوگئی۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق رات گئے افسوسناک ٹریفک حادثہ کراچی کے مائی کلاچی روڈ پر پیش آیا، جہاں ریلوے پھاٹک کے قریب کار اور موٹرسائیکل میں ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار میاں اور بیوی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک بچی شدید زخمی ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کار ڈرائیورکو گرفتار کرلیا گیا ہے اور کار کو تحویل میں لے لیا گیا جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔جاں بحق میاں بیوی کی شناخت 62 سالہ عبدالستار اور 50 سالہ آمنہ ستار کے نام سے ہوئی ہے، لاشوں اور زخمی بچی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
متوفین کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا جبکہ زخمی بچی کی حالت تشویشناک ہے اور اس کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے میاں بیوی بلدیہ ٹاؤن کے رہائشی تھے اور عید کی خریداری کے لیے جارہے تھے۔
یاد رہے کہ 26 مارچ کو شاہراہ فیصل پر سڑک کنارے موٹرسائیکل روک کر افطار کرنے والے میاں بیوی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئے تھے۔
پولیس نے بتایا تھا کہ جاں بحق میاں بیوی اللہ والا ٹاؤن کے رہائشی تھے اور ملازمت سے واپس آرہے تھے، خاتون اقصیٰ نارتھ کراچی کے سکول میں ٹیچر تھی، جبکہ ایاز فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا۔
اس سے قبل 24 مارچ کو کراچی میں ملیر ہالٹ بس سٹاپ کے قریب واٹر ٹینکر نے موٹرسائیکل پر سوار میاں اور حاملہ بیوی کو کچل دیا تھا، حادثے کے دوران جنم لینے والا نومولود بھی دم توڑگیا تھا۔