عید الفطر پر بلوچستان میں کون سے پکوان تیار کیے جاتے ہیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اہل ایمان کے صبر و استقامت کے خوش ہو کر مسلمانوں کو خاک کائنات کی طرف سے عید الفطر کا تحفہ عطا ہوا۔ مسلم ممالک میں اس تہوار کو انتہائی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔
عیدالفطر کے تہوار کے موقع پر گھروں میں دعوتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے، ان دعوتوں کا مقصد جہاں بھائی چارگی کو بڑھانا ہوتا ہے، وہیں خدا کی عطا کردہ نعمتوں سے دستر خوان بھی مہمانوں کے لیے سجائے جاتے ہیں۔ مختلف تہذیبوں سے تعلق رکھنے والے اس پُرمسرت موقع پر دسترخوان کو اپنے علاقائی روایت پر مبنی پکوانوں سے سجاتے ہیں۔
پاکستان میں بھی عیدالفطر کے تہوار کو جوش و خروش سے منایا جاتا ہے، جبکہ اس عید کو میٹھی عید کا نام بھی دیا گیا ہے۔ اس عید کو میٹھی عید کہنے کے پیچھے کا فلسفہ یہ ہے کہ اس عید پر زیادہ تر پکوان میٹھے بنائے جاتے ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں اپنی اپنی روایات پر مبنی ڈشز عید کے ذائقے کو دوبالا کر دیتی ہیں۔
موقع ہو عید کا اور ایسے میں روایتوں کی امین سرزمین بلوچستان میں عید پر مہمان نوازی نہ ہو ایسا ممکن نہیں۔ صوبے میں بسنے والے مختلف قبائل اپنی تہذیب، رہن سہن اور پکوانوں کے لیے دنیا بھر میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں۔ بات ہو اگر امت مسلمہ کے سب سے بڑے تہوار عیدالفطر کی تو اس پُرمسرت موقع پر بھی صوبے کے عوام اپنے دستر خوانوں کو سجانے میں کسی سے پیچھے نہیں رہتے۔
صوبے میں بسنے والے پشتون، بلوچ، ہزارہ اور مختلف زبانوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد نماز عید کی ادائی کے بعد دن کی شروعات میٹھے سے کرتے ہیں۔ شہری علاقوں میں شیر خُرما عید کے موقع پر دستر خوانوں کی زینت ہوتا ہے، جسے رغبت سے کھایا جاتا ہے جب کہ دیہی علاقوں میں فرنی سے عیدالفطر کے دن کا آغاز ہوتا ہے۔
جس کے بعد صوبے بھر میں بسنے والے افراد اپنی اپنی بیٹھکوں میں دسترخوان بچھا دیتے ہیں، جس پر بیکری کی اشیا سمیت میٹھے کی ایک ڈش ہر وقت موجود رہتی ہے اور یہ دسترخوان 3 سے 4 روز تک مسلسل بچھا رہتا ہے، جس پر دوست احباب اور اہل خانہ عید کی خوشیوں کو مل بانٹ کر مناتے ہیں۔
تاہم گھریلو دعوتوں میں روش اور کابلی پلاؤ دستر خوان کا اہم جزو ہوتا ہے، جبکہ بلوچ گھروں میں سجی کو دسترخوان کی زینت بنایا جاتا ہے اور یوں 3 سے 4 روز تک عید پر دعوتوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *