وزیراعظم کی جانب سے آج بجلی کی قیمتوں میں بھاری کمی کا اعلان متوقع

وزیراعظم کی زیر صدارت پاور سیکٹر کا اعلیٰ سطح اجلاس ہوگا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ٹیرف کا فرق کم کرنے کی منظوری ملنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف آج پاور سیکٹر میں اہم اصلاحات کا اعلان کریں گے، جس کے تحت بجلی کی قیمت میں چھ سے آٹھ روپے فی یونٹ کمی متوقع ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں عوام کو ملے گا۔
ذرائع کے مطابق ٹیرف کا فرق کم کرنے سے بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے، جبکہ آئی پی پیز سے معاہدے ختم ہونے سے ٹیرف میں 4 روپے 73 پیسے کمی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ نظرثانی شدہ معاہدوں اور دیگر معاملات پر تفصیلات فراہم کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سات آئی پی پیز سے حکومت معاہدوں کا خاتمہ کر چکی ہے، سرکاری پاور پلانٹس کا منافع کم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، سرکاری پاور پلانٹس کو ادائیگی مقامی کرنسی میں ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی عائد کرنے سے بجلی فی یونٹ ایک روپے سستی ہوگی، جبکہ گردشی قرض ختم کرنے کے پلان سے بھی بجلی کی قیمتوں پر اثر پڑے گا۔
ذرائع کے مطابق گردشی قرض کم کرنے کیلئے بینکوں سے فکسڈ ریٹ پر 1200 ارب روپے قرض لیا جائے گا، شرح سود ختم کرکے گردشی قرض 2381 ارب سے 300 ارب پر لایا جائے گا۔
لیکن اس سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت پاور سیکٹر کا اعلیٰ سطح اجلاس ہوگا، جس میں اہم وفاقی وزرا بھی شریک ہوں گے۔
اجلاس میں وزیراعظم شرکاء سے خطاب کریں گے، جس کے بعد بجلی کے ٹیرف میں نمایاں کمی کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
بجلی کی قیمتوں میں کمی کا حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *