پاکستانی خاتون پولیس افسر عائشہ بٹ بین الاقوامی ایوارڈ کیلئے منتخب

گوجرانوالہ(قدرت روزنامہ)بین الاقوامی خواتین پولیس کی تنظیم نے ایک پاکستانی خاتون پولیس افسر کو ایک معزز ایوارڈ کے لیے منتخب کیا ہے۔
گوجرانوالہ کی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس عائشہ بٹ نے اس بین الاقوامی ایوارڈ کے لیے منتخب ہو کر پاکستانی خواتین کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، یہ بات پنجاب پولیس کے ترجمان نے بدھ کو لاہور میں بتائی۔
عائشہ بٹ کو “ایکسلنس ان پرفارمنس ایوارڈ 2025کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق عائشہ بٹ کو یہ ایوارڈ اس سال ستمبر میں اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ہونے والی 62ویں سالانہ تربیتی کانفرنس میں دیا جائے گا۔
عائشہ بٹ گوجرانوالہ میں سٹی ٹریفک پولیس آفیسر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ پنجاب پولیس کے مطابق یہ ایوارڈ ہر سال پولیس افسران کو ان کی بہترین کارکردگی کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔
پنجاب کے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر عثمان انور نے عائشہ بٹ کو ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستانی خواتین عائشہ بٹ کی اس معزز ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے پر فخر محسوس کرتی ہیں۔