بجلی نرخ میں کمی کے بعد اب گھریلو، کمرشل اور انڈسٹریل صارفین کے بلز کس شرح سے آئیں گے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے اعلان کے بعد اوسط ٹیرف میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں قومی اوسط ٹیرف 37 روپے 64 پیسے مقرر ہو گیا ہے۔
ایسے میں سوال یہ کہ فی یونٹ بجلی کے نرخ میں کمی کے اعلان کے بعد گھریلو، کمرشل، صنعتی اور جنرل سروسز کے صارفین کو نمایاں کس شرح سے فائدہ پہنچے گا۔
گھریلو صارفین کے لیے ریلیف
میڈیا رپورٹ کے مطابق گھریلو صارفین کو اس پیکیج سے بڑی سہولت ملے گی، تاہم 50 یونٹ تک استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین کا بل 239 روپے اور 51 سے 100 یونٹ والوں کا بل 937 روپے برقرار رہے گا۔
ایک سے 100 یونٹ استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کا بل 1467 روپے سے کم ہو کر 852 روپے ہو گیا۔ جب کہ200 یونٹ استعمال کرنے والوں کا بل 3530 روپے سے کم ہو کر 2302 روپے، 300 یونٹ والوں کا 12 ہزار 378 روپے سے 10 ہزار 209 روپے، اور 400 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والوں کا بل 22 ہزار 280 روپے سے کم ہو کر 19 ہزار 384 روپے ہو گیا۔
کمرشل صارفین کے لیے فائدہ
رپورٹ کے مطابق کمرشل صارفین کے لیے فی یونٹ قیمت میں 8 روپے 58 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد نرخ 71 روپے 6 پیسے سے کم ہو کر 62 روپے 47 پیسے فی یونٹ ہو گیا۔ ایک ہزار یونٹ استعمال کرنے والے کمرشل صارفین کا بل اب 71 ہزار روپے کے بجائے 62 ہزار 470 روپے آئے گا۔
صنعتی صارفین کو ریلیف
میڈیا رپورٹ کے مطابق صنعتی صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کے بعد نرخ 40 روپے 51 پیسے فی یونٹ مقرر ہوا۔ 12 یونٹس استعمال کرنے والے صنعتی صارفین کا بل 57 ہزار 828 روپے سے کم ہو کر 48 ہزار 612 روپے ہو گیا۔
جنرل سروسز اور زرعی صارفین
رپورٹ کے مطابق جنرل سروسز کے لیے بجلی کی قیمت میں 7 روپے 18 پیسے کی کمی کی گئی جس کے بعد فی یونٹ قیمت 49 روپے 48 پیسے ہو گئی۔ 15 سو یونٹس استعمال کرنے والوں کا بل 84 ہزار 990 روپے سے کم ہو کر 72 ہزار 735 روپے ہو گا۔زرعی صارفین کے لیے 1600 یونٹس کا بل 66 ہزار 816 روپے سے کم ہو کر 55 ہزار 328 روپے کر دیا گیا۔