پاکستان کو ایک جمہوری، خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست بنائیں گے،مینا مجید

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان اور رکن صوبائی اسمبلی مینا مجید بلوچ (پیپلز پارٹی) نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر ایک اہم پیغام جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں پاکستان کے عظیم قائد، شہید ذوالفقار علی بھٹو کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے نہ صرف پاکستان کے عوام کو شعور دیا بلکہ انہیں خودداری اور خود انحصاری کی راہ دکھائی۔مینا مجید بلوچ نےکہا، “شہید بھٹو نے مایوسی کے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں امید کا چراغ جلایا، اور ملک کو ترقی، استحکام اور خود مختاری کی جانب گامزن کیا۔ ان کی غیر معمولی سیاسی بصیرت نے پاکستان کو عالمی سطح پر وقار، معاشی بہتری، اور دفاعی قوت عطا کی۔”انہوں نے مزید کہا، “شہید بھٹو نے 1973 کا آئین دے کر جمہوری اقدار کو مضبوط بنیاد فراہم کی اور عوام کو ان کے آئینی حقوق سے روشناس کروایا۔ ان کا ایٹمی پروگرام پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے تاریخی قدم تھا جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔”“آج ہم شہید بھٹو کی برسی کے موقع پر اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک جمہوری، خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست بنائیں گے – وہی خواب جو شہید بھٹو نے دیکھا تھا۔”