ہماری اولین ترجیحات صحت، تعلیم اور بے روزگاری کا خاتمہ ہیں، صادق سنجرانی


چاغی(قدرت روزنامہ)سابق چیئرمین سینیٹ و ایم پی اے چاغی صادق خان سنجرانی کا ضلع چاغی کا تفصیلی دورہ تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین سینیٹ و ایم پی اے چاغی صادق خان سنجرانی نے عید کے تینوں روز ضلع چاغی میں گزارے۔ سابق مشیر میر اعجاز خان سنجرانی، ڈسٹرکٹ چیئرمین چاغی میر عبدالودود خان سنجرانی اور دیگر قبائلی عمائدین ان کے ہمراہ تھے۔سابق چیئرمین سینیٹ صادق خان سنجرانی نے عید کے دو روز اپنے آبائی گاوں نوکنڈی میں گزارے، جہاں انہوں نے لوگوں سے عید ملی اور ان کے مسائل سنے۔ بعد ازاں تحصیل دالبندین پہنچے، جہاں مختلف قبائلی عمائدین کے وفات پر ان کے گھروں جا کر تعزیت کی۔سنجرانی ہاوس داود آباد میں عوام سے ملاقات کی، عید ملی اور ان کے مسائل سنے اس کے بعد انہوں نے تحصیل چاغی کا تفصیلی دورہ کیا، بابائے بلانوش پر حاضری دی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی۔ تحصیل چاغی میں مختلف قبائلی عمائدین اور شہریوں سے ملاقات کی۔ درانی ہاوس میں سردار عبدالغیاث درانی نے ان کے اعزاز میں پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا اس موقع پر صادق خان سنجرانی اور میر اعجاز خان سنجرانی کا کہنا تھا کہ ہمارا سیاسی مشن ضلع چاغی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ عید اپنے علاقے کے لوگوں کے ساتھ گزارنا اور ان کے درمیان رہنا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔ان شااللہ وہ دن دور نہیں جب چاغی ایک ترقی یافتہ ضلع تصور ہوگا۔ عوام اور نوجوانوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، بہت جلد وہ درخت جو ہم لگا رہے ہیں، اس کے پھل ملنا شروع ہو جائیں گے۔ ہماری اولین ترجیحات صحت، تعلیم، ذرائع آمد و رفت اور بے روزگاری کا خاتمہ ہیں، اور ان مسائل کے حل کے لیے ہم ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں سابق چیئرمین سینیٹ صادق خان سنجرانی کے عید کے ایام ضلع چاغی میں گزارنے اور عوام سے گھلنے ملنے کو عوامی حلقوں کی جانب سے خوب سراہا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *