علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی کو شکایت، عمران خان نے کارروائی کا اختیار دیدیا

راولپنڈی (قدرت روزنامہ) بانی پی ٹی آئی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ملاقات کی اندونی کہانی سامنے آگئی، مقامی اخبار نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ملاقات میں علی امین نے بانی کو صوبے میں تنظیم سازی سے متعلق شکایت کی،دو وزراء کی کارکردگی سے متعلق بھی شکایت لگائی تو بانی نے علی امین کو وزراء کے خلاف کارروائی کا اختیار دے دیا۔
روزنامہ جنگ کے مطابق دونوں وزراء کو کابینہ سے ہٹائے جانے یا قلم دان تبدیل کرنے کا امکان ہے۔دونوں وزراء پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کے بھائی ہیں، علی امین نے بابر سلیم سواتی اور اعظم سواتی کے تنازع پر بھی بات چیت کی۔
علی امین گنڈاپور کی بانی پی ٹی آئی سے عاطف خان اور شیر ارباب کو دوبارہ عہدوں پر رکھنے سے متعلق بھی گفتگو ہوئی، وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ آپ کے کہنے پر عہدوں سے ہٹایا گیا تھا دوبارہ شامل کیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی نے علی امین کو جواب دیا کہ اس معاملے پر متعلقہ قیادت سے پوچھوں گا، بانی پی ٹی آئی نے علی امین کو معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے کا کہا، علی امین نے بانی پی ٹی آئی کو مختلف سطح پر جاری مذاکرات سے آگاہ کیا۔
دوسری جانب مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے علی امین کی ملاقات سیاسی اور پارٹی امور سے متعلق تھی، ملاقات میں خیبر پختونخوا حکومت سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ علی امین کو بانی پی ٹی آئی کی جانب سے اہم احکامات ملے ہیں۔