طرز زندگی میں تبدیلی کینسر سے بچ جانے والوں کی عمر بڑھاتی ہے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کینسر ایک جان لیوا مرض ہے، تاہم آج کے جدید دور میں اس کا علاج بھی موجود ہے، اگر پہلے اسٹیج پر ہی اس کی تشخیص ہو جائے تو بچنے کے چانسز بہت زیادہ ہوتے ہیں، اس کے علاوہ صحت مند رہنے کے لیے ضروری ہے کہ انسان صحت مند خوراک کے ساتھ ساتھ ورزش کا بھی خیال رکھے اور وہ تمام تدابیر اختیار کرے جس سے انسانی جسم صحت مند رہ سکتا ہے۔
حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ طرز زندگی میں تبدیلیاں کینسر سے بچ جانے والوں کی عمر میں اضافہ کرتی ہیں۔
امریکا میں کی گئی تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ کینسر سے بچ جانے والے صحت مند خوراک اور ورزش کے رہنما اصولوں پر قائم رہ کر موت کے اپنے جاری خطرے کو کم کر سکتے ہیں۔
جرنل آف نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ میں شائع ہونے والے نتائج کے مطابق کینسر سے بچ جانے والے اگر اپنے طرز زندگی میں تبدیلیاں کرتے ہیں اور تمباکو نوشی سے پرہیز کرتے ہیں تو موت کا مجموعی خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
کینسر کی تشخیص اکثر لوگوں کو یہ سوچنے کی ترغیب دیتی ہے کہ وہ صحت مند زندگی کیسے گزار سکتے ہیں۔
امریکن کینسر سوسائٹی میں وبائی امراض کی تحقیق کے سینیئر پرنسپل سائنسدان ینگ وانگ نے کہاکہ بہت سے زندہ بچ جانے والے یہ جاننا چاہتے ہیں کہ وہ اپنے طویل عرصے تک زندہ رہنے کے امکانات کو بہتر بنانے کے لیے طرز زندگی میں کیا تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس کے لیے ضروری ہے کہ انسان صحت مند وزن کو برقرار رکھے، اس کے علاوہ ایسے کھانوں کا استعمال کرے جو اس کے جسم کو توانائی فراہم کریں۔
تحقیق کے مطابق جن افراد نے طرز زندگی میں نئے رہنما اصول اپنائے ان میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 24 فیصد کم تھا۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق ایسے افراد میں دل کے امراض سے موت کا خطرہ 33 فیصد کم تھا اور کینسر سے موت کا خطرہ 21 فیصد کم تھا۔
جن لوگوں نے ورزش کو ترجیح دی ان میں موت کا مجموعی خطرہ 22 فیصد کم تھا، اور دل کے امراض کی وجہ سے موت کا خطرہ 26 فیصد کم تھا۔
یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ انسان کو صحت مند رہنے کے لیے طرز زندگی میں کون سے تبدیلیاں کرنی چاہییں۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق یہ تجویز کیا گیا ہے کہ صحت مند رہنے کے لیے تازہ سبزیوں اور پھلوں کا استعمال کیا جائے، جبکہ پراسس شدہ گوشت اور دیگر کھانوں سے پرہیز کیا جائے۔
اس کے علاوہ ورزش کرنے پر زور دینے کے ساتھ ساتھ قد کے حساب سے وزن کو برقرار رکھنے کو بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق الکوحل کے استعمال کو محدود کرنے کی ترغیب بھی دی گئی ہے۔