علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کی خبریں، جنید اکبر کا بڑا دعویٰ سامنے آگیا


پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو عہدے سے ہٹانے کی خبروں پر پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ کہیں پر بھی ایسی کوئی بات نہیں ہورہی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ علی امین گنڈاپور کے ساتھ میرا بھی اختلاف تھا، لیکن یہ کوئی بڑی بات نہیں پارٹیوں میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عاطف خان میرے ساتھ چل رہے ہیں، لیکن بحیثیت پشاور ریجن صدر وہ وزیراعلیٰ کے ساتھ نہیں چل سکتے۔
جنید اکبر نے کہاکہ پارٹی میں اختلاف سامنے آنے پر سینیئر قیادت نے وزیراعلیٰ کے بیان کا نوٹس لیا ہے، اور دونوں فریقین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ صبر و تحمل سے کام لیں، سیاسی کمیٹی معاملے کو جلد حل کرلے گی۔
انہوں نے کہاکہ احتجاج کے حوالے سے جو بھی حکم ہوگا اس پر عملدرآمد کریں گے، اگلے ہفتے پورے صوبے میں احتجاجی تحریک کا آغاز ہونے جارہا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت میں اختلافات سامنے آگئے ہیں، ایک طرف وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور عاطف خان آمنے سامنے ہیں تو دوسری جانب اعظم سواتی نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔
بابر سلیم سواتی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے، جس پر انہوں نے اپنا جواب پی ٹی آئی کی احتساب کمیٹی کو جمع کرا دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *