گنڈاپور کا عاطف خان پر طنز، صدر پشاور ریجن بننے پر تنقید بھی کی

پشاور (قدرت روزنامہ )خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور پارٹی رہنما عاطف خان کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمنٹرینز کے واٹس ایپ گروپ میں علی امین گنڈا پور اور عاطف خان کے درمیان طنزیہ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
علی امین گنڈا پور نے عاطف خان کو خراب کارکردگی کی بنیاد پر بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر عہدے سے ہٹائے جانے کا ذکر کیا اور عہدہ واپس ملنے پر طنز بھی کیا۔
وزیراعلیٰ نے واٹس ایپ گروپ میں عاطف خان کے صدر پشاور ریجن بننے پر تنقید کی جبکہ گروپ میں موجود دیگر ارکان نے عاطف خان کو مبارک باد دی۔
تاہم عاطف خان نے وزیراعلیٰ کی طنز کو نظرانداز کرتے ہو ئے کسی بھی قسم کا ردعمل نہیں دیا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے جو کہا اس پر تبصرہ نہیں کرتا، میں نے کسی کو کوئی ردعمل نہیں دیا۔
قبل ازیں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عاطف خان کا کہنا تھا کہ میرے اور علی امین گنڈا پور کے درمیان اختلافات ہیں لیکن اسد قیصر اور دیگر پارٹی قیادت کے خلاف باتیں کرنا درست نہیں، وزیر اعلیٰ کو اپنی توجہ گورننس پر مرکوز رکھنی چاہئے۔
عاطف خان کا یہ بھی کہنا تھاکہ اگر عمران خان نے ہمارے خلاف کوئی بات کی ہے تو اس کی تصدیق ہونی چاہئے۔