پنجاب میں ٹیلنٹ ہنٹ اور یوتھ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ اور یوتھ انٹرن شپ پروگرام پروگرام کا جامع پلان طلب کرلیا

لاہور (قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت نے صوبے میں ٹیلنٹ ہنٹ اور یوتھ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پہلی مرتبہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا جامع پلان طلب کرلیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو مالی خود مختاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ضروری اقدامات کا حکم دیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے میں یوتھ انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا ہے جس کے حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نواز نے جامع پلان طلب کرلیا، مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کریں گے، خواتین کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع ملیں گے، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملازمین کی تنخواہوں میں تعطل نہیں آنا چاہیئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کھیلوں کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کا عالمی دن منانے کا مقصد دنیا میں امن کا فروغ ہے، کھیل معاشرے میں امن اور ترقی کی راہ ہموار کرتے ہیں، کھیل نوجوانوں میں ٹیم ورک، مسابقت اور برداشت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، امن اور کھیل لازم و ملزوم ہیں، امن ہوگا تو کھیل بھی ہوں گے، پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کھیلتا پنجاب پروگرام شروع کیا، حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے گراؤنڈز اور جمنیزیم بنا رہی ہے، پنجاب میں 300 گراؤنڈز اور اسپورٹس کمپلیکس بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔