بیان بازی سے مجھے یا گورنر سندھ کو مت الجھائیں:فاروق ستار

کراچی(قدرت روزنامہ )رہنما ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کا کہنا ہے کہ مرتضی ٰوہاب مینڈیٹ چوری کرکے میئر بنے، اب ان کو گورنر فوبیا ہوگیا ہے۔ حکومت سندھ نے ٹریفک حادثات میں جاں بحق ڈیڑھ سو لوگوں کے اہل خانہ کی دلجوئی نہیں کی۔
روز نامہ امت کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ پیسے یا پلاٹ جان کا بدلہ نہیں ہوسکتا، کتنے ملزمان گرفتار ہوئے کتنے مقدمات بنائے گئے سوال تو یہ ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 سال سے میئر کراچی کی نشست پر قبضہ ہے، پیپلز پارٹی کی سندھ میں 16 سال سے حکومت ہے، کارکردگی کیا ہے؟ان کا کہنا ہے کہ بیان بازی سے مجھے یا گورنر سندھ کو مت الجھائیں، گورنر سندھ نے یوسف گوٹھ جا کر متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھا، لوگ گورنر کو امید کی واحد کرن سمجھ رہے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں کینالوں کے معاملے پر سیاست کے حوالے سے صدر زرداری کا مواخذہ ہونا چاہئے۔ زرداری کا منہ پنڈی کی جانب بلاول کا منہ قوم پرستوں کی طرف اور مئیر کا منہ گورنر کی طرف ہے، حافظ نعیم لاہور جا کر صفر ہو گئے۔انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی شرافت کو ہلکا لے رہے ہیں۔ صوبائی حکومت عوامی کم اور مافیاز کے ایجنٹس نظر آتی ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مئیر کراچی سوشل میڈیا پر وام کو گمراہ کرنا چھوڑ دیں اور اپنا کام کریں۔ حافظ نعیم الرحمان لوگوں کو حقوق دلانے کے بجائے دھرنوں میں لگے ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا یہ بھی کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آج چائنہ نہیں رشین اور امریکن کٹنگ کر رہی ہے۔