چچا نے اپنی بھتیجی سے شادی کرلی

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ڈابرا میں ایک نوجوان لڑکی اپنے چچا سے محبت کر بیٹھی، جس سے ایک متنازع رشتے کی شروعات ہوئی۔ اس لڑکی اور اس کے چچا کے درمیان تعلقات اس وقت منظر عام پر آئے جب دونوں کے خاندانوں کو اس رشتے کا علم ہوا۔ جیسے ہی خاندانوں کو اس افیئر کے بارے میں پتہ چلا، چچا اور بھتیجی دونوں گھر سے بھاگ گئے۔ کچھ عرصے بعد وہ پریاگ راج سے واپس آئے اور مقامی پولیس سٹیشن پہنچے، جہاں انہوں نے اپنی بالغ ہونے کی تصدیق کے ثبوت پیش کیے اور شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ پولیس کی کاؤنسلنگ سیشنز کے بعد دونوں خاندانوں نے بالآخر اس جوڑے کے رشتے کو قبول کر لیا۔
نیوز 18 کے مطابق چچا اور بھتیجی نے 30 مارچ کو اپنے خاندانوں کو بتائے بغیر بھاگنے کا فیصلہ کیا۔ جب لڑکی کے گھر والوں نے اس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع پولیس کو دی تو افسران نے دونوں کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس کی شکایت کے بارے میں جاننے کے بعد یہ جوڑا جمعرات 3 اپریل کو واپس آیا اور سیدھا بھتروار پولیس سٹیشن پہنچا۔
پولیس اسٹیشن پہنچنے پر انہوں نے اپنی رضامندی سے شادی کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ پولیس نے دونوں کی عمر کی تصدیق کی اور خاندانوں کے ساتھ کاؤنسلنگ کا اہتمام کیا۔ ابتدائی طور پر خاندانوں کی طرف سے مخالفت سامنے آئی لیکن کاؤنسلنگ کے بعد وہ اس رشتے کو ماننے پر راضی ہو گئے۔