ٹیرف وار: امریکا اور چین میں تنازع شدت اختیار کر گیا

امریکا (قدرت روزنامہ)ترجمان چینی وزارتِ تجارت کا کہنا ہے کہ امریکا اپنی ضد پر قائم رہا تو چین آخر تک لڑے گا، امریکا کے اس طرح کے اقدامات کبھی قبول نہیں کریں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مزید 50 فیصد ٹیرف کی دھمکی پر ترجمان نے مزید کہا کہ ٹرمپ کی دھمکی نے امریکا کے بلیک میلنگ رویے کو ایک بار پھر بے نقاب کردیا ہے، امریکا ٹیرف بڑھاتا رہا تو چین اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے سخت جوابی اقدامات کرے گا۔
دوسری جانب امریکا میں چین کے سفیر نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات چاہتے ہیں، تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہوتا۔ ٹرمپ کی دھمکی کا چین پر کوئی اثر نہیں گا، چین دباؤ میں نہیں آئے گا۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا پر 34 فیصد جوابی ٹیرف عائد کیے جانے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر چین نے 8 اپریل تک اضافہ واپس نہ لیا تو امریکا 9 اپریل سے چین پر 50 فیصد اضافی ٹیرف عائد کر دے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں پہلے ہی خبردار کر چکا ہوں کہ جو بھی ملک امریکا کے خلاف اضافی ٹیرف عائد کرے گا اسے فوری طور پر زیادہ اور سخت امریکی ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔ چین کے ساتھ مذاکرات، جن کے لیے انہوں نے خود رابطہ کیا تھا، ختم کر دیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ امریکی ٹیرف کے جواب میں چین نے صرف امریکی مصنوعات پر ٹیرف ہی عائد نہیں کیا بلکہ چینی وزارت تجارت نے 11 امریکی کمپنیوں کو غیر معتبر اداروں کی فہرست میں بھی ڈال دیا ہے جس سے وہ چین میں کاروبار نہیں کرسکیں گی۔