پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، امارات نے خصوصی پانچ سالہ ویزے متعارف کرادیے


کراچی (قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستانیوں کے لیے پانچ سالہ ویزا پالیسی متعارف کرا دی ہے، جو حالیہ ویزا پابندیوں سے جڑے خدشات کے درمیان ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔
یہ اعلان یو اے ای کے سفیر حماد عبید الزعبی نے گورنر ہاؤس کراچی میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستانی شہری متحدہ عرب امارات کے لیے پانچ سالہ ویزا حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔
ملاقات میں یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیثی بھی شریک تھے۔
گورنر ٹیسوری نے سندھ، خصوصاً کراچی میں یو اے ای کی سرمایہ کاری پر سفیر الزعبی کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کو سراہا۔ اس موقع پر الزعبی نے گورنر کو کراچی میں واقع یو اے ای ویزا سینٹر کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی اور ان کی سربراہی میں شروع کیے گئے ترقیاتی و اشتراکی اقدامات کی تعریف کی۔
گزشتہ ماہ وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی تھی کہ پاکستانی شہریوں پر کسی قسم کی سرکاری ویزا پابندی عائد نہیں کی گئی۔
یو اے ای حکام کی جانب سے متعارف کرائی گئی نئی ویزا پالیسی کے تحت درخواست گزاروں کے لیے ریٹرن ٹکٹ، ہوٹل کی بکنگ، جائیداد کی ملکیت (اگر موجود ہو) کا ثبوت، اور 3,000 درہم بطور ضمانت جمع کرانا لازم ہوگا۔ اس پالیسی کا مقصد ماضی میں بعض درخواست گزاروں کی جانب سے کی گئی دھوکہ دہی اور ویزا کی مدت سے تجاوز جیسے مسائل سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔