وزیراعلیٰ کا آفس سے واپسی پر اچانک سروسز ہسپتال کا دورہ،ایمرجنسی وارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا،میرا کام عوام کے مفاد میں بہترین فیصلے کرنا ہے : مریم نواز

لاہور ( قدرت روزنامہ )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آفس سے واپسی پر اچانک سروسز ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سروسز ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں کو دستیاب سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا اوروارڈ میں مریضوں کے علاج کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں اور تیمارداروں سے ادویات کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سروسز ہسپتال کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایمرجنسی میں زیر علاج مریضوں سے بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ نے ننھے مریض سے ہلکی پھلکی گفتگو کی، خواتین سے مصافحہ کیا اور حال چال بھی دریافت کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جناح اور میو ہسپتال میں ایکشن لینے سے ہسپتالوں کے حالات میں بہت بہتری آئی۔ جناح ہسپتال میں ادویات ڈبوں میں بند پڑی تھیں لیکن مریضوں کو نہیں مل رہی تھیں، فوری ایکشن کی وجہ سے مریضوں کو ریلیف ملا۔ سروسز ہسپتال سے خوش ہوکر جارہی ہوں، کسی نے نہیں کہا کہ ادویات باہر سے لانی پڑی، مریضوں کو انتظار بھی نہیں کرنا پڑتا۔ہسپتالوں میں اناؤنسمنٹ ہورہی ہیں حکومت مفت میڈیسن دے رہی ہے، اگر آپ سے کوئی آپ سے پیسے لے تو آپ نے نہیں دینے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عوام کے لیے ہسپتالوں کو چیک کرنا وزیراعلیٰ کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ کا م نہیں کرے گا تو نیچے والے لوگ کیسے کام کریں گے۔ فیلڈ میں جاکر حالات کا جائزہ لینا وزیراعلیٰ کا کام ہے، آفس میں کرسی پر نہیں بیٹھ سکتی۔ وزیراعلیٰ کا کام ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھے رہنا نہیں۔ادویات فراہم کرنا حکومت کا کام ہے، مریضوں نے میڈیسن بازار سے نہیں لینی۔ ہسپتالوں میں کیبنٹ رکھوادیئے ہیں، مریضوں کو نظر آتا ہے کہ جو ادویات چاہیے وہ یہاں دستیاب ہیں۔ میرا کام پنجاب کے عوام کے مفاد میں بہترین فیصلے کرنا ہے، اس سے مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔