پاکستان کینیڈا سے روایتی دو طرفہ دیر پا روابط کا خواہاں ہے، آرمی چیف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کینیڈا سے روایتی دو طرفہ دیر پا روابط کا خواہاں ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کینیڈا کی نائب وزیر خارجہ مسز مارٹا مورگن کی ملاقات ہوئی ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغانستان کی انسانی بنیادوں پر مدد کے اقدامات میں اشتراک سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی جبکہ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون، خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کینیڈا کی نائب وزیر خارجہ نے ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ سفارتی تعاون میں بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کا عزم کیا جبکہ کینیڈا کی نائب وزیر خارجہ نے افغانستان سے انخلاء آپریشن میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔

اس مو قع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ پاکستان کینیڈا سے روایتی دو طرفہ دیر پا روابط کا خواہاں ہے، افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کے لیے عالمی توجہ کی اشد ضرورت ہے۔