بہاولپورمیں شادی، ٹرانس جینڈر مہک ملک پر نامناسب رقص کے الزام میں مقدمہ درج

بہاولپور(قدرت روزنامہ)بہاولپور پولیس نے پنجاب کی معروف ٹرانس جنڈر ڈانسر مہک ملک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے جنوبی پنجاب کے شہر یزمان منڈی میں ایک شادی کی تقریب میں نامناسب رقص کیا۔
تفصیلات کے مطابق مہک ملک اور 35 دیگر ملزمان کے خلاف ایمپلیفائر ایکٹ کی خلاف ورزیوں کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ کیس میں ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق مہک ملک کو یزمان منڈی کے قریب ایک گاؤں میں منعقد ہونے والی شادی کی تقریب میں پرفارم کرنے کی دعوت دی گئی تھی۔ اس تقریب کے دوران ٹرانس جینڈر فنکارہ نے مبینہ طور پر نامناسب لباس پہنا اور فحش گانوں پر رقص کیا جبکہ دیگر افراد نے ان پر کرنسی کے نوٹ برسائے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد 35 ملزمان میں سے 10 افراد کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ 25 افراد ابھی تک ایف آئی آر میں نامعلوم ہیں۔رپورٹس کے مطابق ایک پولیس افسر سمیت کئی سرکاری ملازمین تقریب میں موجود تھے۔ تاہم کیس میں اب تک کسی سرکاری اہلکار کا نام نہیں لیا گیا ہے۔
حال ہی میں پنجاب حکومت نے ٹرانس جینڈر افراد پر اسٹیج ڈراموں میں پرفارم کرنے پر پابندی عائد کی تھی۔ یہ واقعہ آن لائن بحث کا باعث بنا ہے جہاں بہت سے افراد منتخب جوابدہی اور ایسے ثقافتی لحاظ سے حساس اور متنازعہ کیسوں میں حکام کے کردار پر سوال اٹھا رہے ہیں۔