کراچی: واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار اور مزدا نے خاتون کو کچل دیا

ڈیفنس موڑ کے قریب واٹر ٹینکر نے ایک شخص کو کچلا اور ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، گرفتاری کیلئے پولیس کی کوششیں


کراچی (قدرت روزنامہ)شہر قائد میں ٹریفک حادثے میں مسافر مزدا اور واٹر ٹینکر کی ٹکر سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
ایکسپریس کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر کے قریب ٹریفک حادثے میں خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفیہ خاتون کی شناخت 45 سالہ امبرین کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او آغا اسلم کے مطابق متوفیہ خاتون اورنگی ٹاؤن کی رہائشی تھی اور اپنے شوہر کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہی تھی کہ تیز رفتار مسافر مزدا نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے باعث موٹر سائیکل سوار خاتون جاں بحق ہوگئی جب کہ شوہر مجعزانہ طور پر محفوظ رہا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مسافرمزدا کے ڈرائیور اسلم کو گرفتار کرکے مسافر مزدا کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
ڈیفنس تھانے کے علاقے ڈیفنس موڑ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفی کی شناخت 55سالہ صابر حسین کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او ڈیفنس اسرار حسین نے بتایا کہ متوفی شخص موٹر سائیکل پر سوار تھا جو متوفی واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہوا، حادثے کے بعد واٹر ٹینکر موقع سے فرار ہوگیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری یا موٹر سائیکل سوار خود واٹر ٹینکر سے ٹکرایا، پولیس واقعے کی تفتیش کر رہی ہے۔
دریں اثنا لیاری ایکسپریس وے پر ہیوی مکسچر گاڑی نے متعدد گاڑیوں کو ٹکر مار دی، حادثے میں کئی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ حادثے میں ہیوی مکسچر کے بھی شیشے ٹوٹ گئے۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر مکسچر گاڑی ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔
مزی برآں کورنگی ڈھائی نمبرچنیوٹ اسپتال کے قریب اسکول کی سوزوکی وین اورریڈ بس میں تصادم کے نتیجے میں سوزوکی وین اور ریڈ بس کو نقصان پہنچا، حادثے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *