چئیرمین بلاول بھٹو زرداری شہیدوں کے نظریے کے سچے وارث ہیں،حیات اچکزئی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی رہنماحیات خان اچکزئی نے انٹرا پارٹی انتخابات میں بلاول بھٹو زرداری کو چیئرمین، ہمایوں خان کو جنرل سیکرٹری، ندیم افضل چن کو سیکرٹری اطلاعات اور آمنہ پراچہ کو سیکرٹری فنانس منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات پارٹی کے اندر جمہوری روایات کی عکاسی کرتے ہیں اور پیپلز پارٹی ہمیشہ سے اس ملک میں جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی طاقت کی علامت رہی ہے۔حیات خان اچکزئی نے کہا کہ جناب بلاول بھٹو زرداری کی بطور چیئرمین دوبارہ کامیابی پارٹی کارکنوں اور عوام کے اس اعتماد کی روشن مثال ہے جو وہ ان کی نوجوان، متحرک اور بصیرت افروز قیادت پر رکھتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے سیاسی وژن کے وارث ہیں، انہوں نے اپنی سیاسی بصیرت، فہم و فراست اور عوامی رابطہ کاری سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کے سیاسی منظرنامے پر ایک پرجوش، مدبر اور عوام دوست رہنما کے طور پر ابھر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ آئین کی بالادستی، جمہوریت کی مضبوطی، اور محروم طبقات کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی۔ چاہے وہ پارلیمنٹ کے فلور پر ہوں یا سڑکوں پر، ان کی گفتگو میں ہمیشہ دلیل، دلیل میں جرات، اور جرات میں عوام کی نمائندگی نظر آتی ہے۔ وہ ایک ایسے رہنما ہیں جنہوں نے نفرت کی سیاست کو رد کر کے محبت، رواداری، اور برداشت کے اصولوں کو اپنایا ہے۔حیات خان اچکزئی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی نے خود کو ایک جدید، ترقی پسند اور عوامی امنگوں سے ہم آہنگ جماعت کے طور پر منوایا ہے ان کی قیادت میں پارٹی ایک بار پھر ملک کے تمام صوبوں میں اپنی جڑیں مضبوط کر رہی ہے اور نوجوانوں، خواتین اور محنت کش طبقے کو ساتھ لے کر چلنے کا عزم رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی ولولہ انگیز قیادت میں پارٹی متحد ہو کر شہید بھٹو خاندان کے سنہری وژن کے مطابق ملک میں ایک ایسی جمہوری، مستحکم اور ترقی یافتہ ریاست کی تعمیر کے لیے سرگرم رہے گی جہاں عوام کو ان کا حق، عزت، روزگار اور خوشحالی میسر ہو۔آخر میں انہوں نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کا یہ نتیجہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی ایک منظم، باشعور اور متحرک سیاسی جماعت ہے، اور اس کا مستقبل تابناک ہے کیونکہ اس کی قیادت ایک ایسے رہنما کے ہاتھ میں ہے جو نہ صرف نظریاتی ہے بلکہ عملی میدان میں بھی اپنے وژن کو حقیقت میں بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہے۔