اختر مینگل دھرنا ختم کریں، مسائل کا حل صرف مذاکرات ہیں: خالد مگسی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر خالد مگسی نے ایک اہم پریس کانفرنس میں سردار اختر مینگل سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا دھرنا ختم کریں اور شاہرائیں کھول کر عوام کی مشکلات کم کریں۔ خالد مگسی نے کہا کہ ریاست کو اپنا نظام چلانے کے لیے مجبوریاں ہوتی ہیں اور سیاستدانوں کو بھی ایک دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اختر مینگل ہمارے بھائی اور معزز شخصیت ہیں، ان سے گزارش ہے کہ ضد چھوڑ کر مذاکرات کی میز پر آئیں کیونکہ بہترین حل صرف بات چیت سے ہی نکل سکتا ہے۔ خالد مگسی نے بتایا کہ بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر اختر مینگل سے بات بھی ہوئی ہے اور پارٹی رہنما ان سے ملاقات بھی کر چکے ہیں۔
صدر بلوچستان عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ حکومت اور اختر مینگل کے درمیان مذاکرات کرانے کے لیے ہم تیار ہیں لیکن ریاست کو کارروائی پر مجبور نہ کیا جائے، کیونکہ ریاست کو بھی اپنے فرائض انجام دینے پڑتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرفتاری نظام کے تحت ہوتی ہے، سڑکیں بند کرنے سے رہائی ممکن نہیں۔ خالد مگسی نے کہا کہ بلوچستان حکومت کامیاب ہے یا ناکام، اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا لیکن موجودہ صورتحال میں مسئلے کا حل تلاش کرنا ناگزیر ہے۔
پریس کانفرنس میں خالد مگسی کے ہمراہ صادق سنجرانی، دنیش کمار، نصیب اللہ بازئی اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔