حسن علی نے بابراعظم سے متعلق اپنے بیان پر معذرت کر لی

لاہور (قدرت روزنامہ )نامور پاکستانی کرکٹر اور کراچی کنگز کے وائس کپتان حسن علی نے مایہ ناز بلےباز بابر اعظم کی مداح سرائی کیلئے ‘کنگ کرلے گا’ کا بیان دینے پر معافی مانگ لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پی ایس ایل کے اپنے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز سے شکست کے بعد کراچی کنگز کے وائس کپتان حسن علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں نے ‘کنگ کرلے گا’ والا بیان دے کر کوئی بڑی غلطی کی ہے تو معذرت چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں کیریئر اور عمر کے اس حصے پر ہوں کہ کوئی بھی چیز مجھے دکھ نہیں دیتی، بابر اعظم کو ہم نے کنگ بنایا ہوا ہے اور ہم لوگ ہی اس کے پیچھے ہیں۔حسن علی نے مزید کہا کہ اگر میرے کہنے سے کچھ ہوتا ہے تو میں کہ دیتا ہوں کہ ‘کنگ نہیں کرے گا’ لیکن ماضی میں اور بھی بہت کچھ ہوچکا ہے، میں آپ کو دکھا سکتا ہوں کہ کس کس نے کیا کیا کہا ہوا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ہمارا ہی پروڈکٹ ہے، اگر میں نے ‘کنگ کرلے گا’ والا بیان دے کر کوئی بہت بڑی غلطی کی ہے تو معذرت چاہتا ہوں لیکن میرا مؤقف وہی ہے کہ بابر اعظم بہترین تھا، بہترین ہیں اور اس مشکل وقت سے بھی باہر نکل آئے گا۔
پی ایس ایل میچز کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ ابھی ٹورنمنٹ کی شروعات ہیں، ہم دیکھ رہے ہیں کہ بہترین ٹیم کیسے بن سکتے ہیں، اگر ہمیں مڈل آرڈر میں ایک اسپینر کی ضرورت پڑی تو ہم یقیناً محمد نبی کے بارے میں سوچیں گے۔
قومی ٹیم میں واپسی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ اگر پرفارمنس دیں گے تو کھیلیں گے، ابھی ہم جوان ہیں، ٹی ٹونٹی میچز میں بہترین باولر رہا ہوں، میں تو یہی سوچ کر پریکٹس کرتا ہوں کہ کم بیک کرنا ہے، باقی قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی پر ہے کہ وہ کیا سوچتی ہے۔
یاد رہے کہ ایک پوڈ کاسٹ کے دوران حسن علی نے بتایا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی ڈریسنگ روم میں کپتان بابر اعظم کو’کنگ‘ کہتے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ ‘ہم اسے بابر نہیں کنگ کہتے ہیں، کوئی بھی صورتحال ہوتی ہے تو ہم آپس میں بات کرتے ہوئے کہتے ہہیں کہ یار کنگ کرلے گا’۔حسن علی کے یہ ریمارکس خوب وائرل ہوئے تھے اور کرکٹ شائقین نے سوشل میڈیا پر اِس پر خوب میمز بنائی تھیں۔