الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنوں کا نیا ٹیرف، فی یونٹ 23روپے مقرر


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے وفاقی حکومت کی درخواست پر عمل کرتے ہوئے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنوں کا بنیادی ٹیرف کم کرکے 23 اعشاریہ 57 روپے فی یونٹ مقرر کر دیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت چارجنگ اسٹیشنز کے لیے بنیادی ٹیرف میں 21 اعشاریہ 98 روپے فی یونٹ کی واضح کمی کی گئی ہے۔اس سے قبل یہ ٹیرف 45اعشاریہ 55 روپے فی یونٹ تھا جو اب کم ہو کر 23اعشاریہ 57 روپے پر آ گیا ہے۔
ساتھ ہی گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنوں پر 24اعشاریہ 44 روپے فی یونٹ کی محدود منافع ختم کرنے کی درخواست کو بھی منظور کر لیا گیا ہے۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی درخواست کے مطابق اب منافع کا تعین مارکیٹ کے مطابق ہوگا یعنی اسے کھلا چھوڑ دیا گیا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ وفاقی حکومت نے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں کمی کے لیے نیپرا کو باضابطہ درخواست دی تھی، جسے منظور کر لیا گیا ہے۔
اس سے قبل آج سینیٹ کو آگاہ کیا گیا کہ حکومتِ پاکستان ماحول کے تحفظ اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے لیے الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
قانون و انصاف کے وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو سوال و جواب کے دوران بتایا کہ چین سے 30 الیکٹرک بسیں درآمد کی گئی ہیں، جنہیں اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں تعینات کیا گیا ہے، جہاں جدید چارجنگ سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
وزیر قانون نے مزید اعلان کیا کہ آئندہ ڈھائی برسوں میں نادرا کے مراکز ہر یونین کونسل میں قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو سہولت میسر آ سکے۔

WhatsApp
Get Alert