عمران خان نے ملاقات کیلئے جن کو نہیں بلایا وہ نہ آئیں، علیمہ خان

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ملاقات کیلئے جن پارٹی رہنماﺅں کو نہیں بلایا و ہ نہ آئیں ،بانی پی ٹی آئی عمران خان سے آج فیملی اور پارٹی رہنماﺅں کی ملاقات کا دن ہے ،بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور فیملی کے دیگر افراد ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچ گئے ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ آج بھی اگر ہمیں ملنے نہ دیا گیا تو میں یہیں جیل کے باہر بیٹھ جاﺅں گی ۔
میں اور فیملی کے دیگر افراد بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کیلئے آئے ہیں ۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اڈیالہ جیل حکام کوبانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرنے والے پارٹی رہنماوں کی فہرست بھجوا دی ہے۔
فہرست میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، شبلی فراز اور صاحبزادہ حامد رضا شامل ہیں۔علامہ راجہ ناصر عباس، احمد خان بچھر اور زرتاج گل کا نام بھی فہرست میں شامل ہے جبکہ ان کے علاوہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنیں بھی آج ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچیں گی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل بھی بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں اور کزن قاسم خان کو ایک بارپھر عمران خان سے ملاقات کرنے سے روک دیاگیاتھا۔پولیس نے تینوں بہنوں کو گورکھ پورناک سے آگے جانے سے روک دیاتھا۔بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دن کئی پارٹی رہنماوں اور اہل خانہ کو اڈیالہ جیل کے باہر مختلف مقامات پر روک دیا گیا تھا۔عمران خان سے ملنے کیلئے آئی بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو گورکھ پور ناکے پر روک لیا گیاتھا۔
علیمہ خان گاڑی سے نکل کر فٹ پاتھ پر بیٹھ گئیں تھیں۔فیصل چوہدری ایڈووکیٹ اڈیالہ جیل پہنچ گئے، بشری بی بی سے ملاقات کیلئے فیملی ممبران اڈیالہ جیل پہنچ تھے۔بشری بی بی کی فیملی ممبر مہر النساءاحمد اڈیالہ جیل پہنچیں تھیں۔ بشری بی بی کے فوکل پرسن رائے سلمان کھرل ایڈووکیٹ بھی اڈیالہ جیل پہنچ تھے۔سلمان صفدر ایڈووکیٹ بھی اڈیالہ جیل کے باہر پہنچے تھے۔بتایاگیاتھا کہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو پولیس نے اڈیالہ جیل کی جانب جانے سے روک دیاتھا۔ اسی طرح نعیم بنجھوتہ کو بھی پولیس نے پہلے ناکے پر ہی روک لیاگیاتھا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ آج ہمیں پھر روکا جا رہا تھا۔