افغان باشندوں سے انخلا کے دوران بدسلوکی نہیں کی جائے گی٬چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان

کوئٹہ ( قدرت نیوز ) — چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں غیر قانونی تارکین وطن اور افغان سٹیزن کارڈ (ACC) ہولڈرز کی واپسی کے حوالے سے صوبائی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ذاہد سلیم نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ غیر قانونی اور غیر ملکی باشندوں، بالخصوص افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی وطن واپسی کے لیے حکومتی حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے۔
چیف سیکرٹری بلوچستان نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان کی پالیسی کے تحت کسی غیر ملکی یا افغان باشندے سے انخلا کے دوران بدسلوکی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت بین الاقوامی قوانین کے تحت دیگر ممالک کی طرز پر ڈی پورٹیشن پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
شکیل قادر خان نے بتایا کہ وزیراعظم آفس، وفاقی حکومت اور حساس ادارے اس مہم کی مکمل مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ تمام غیر قانونی مقیم باشندوں کا انخلاء یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ حکومت پاکستان کی جانب سے تمام علاقوں میں مقیم افغان شہریوں کو 31 مارچ 2025 تک وطن واپسی کی ہدایت دی گئی تھی، جس پر عملدرآمد جاری ہے۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ جس ضلع میں غیرملکی افراد مقیم ہیں، وہاں نادرا سے تصدیق کے بعد انہیں چمن بارڈر یا برابچہ کے راستے سے منتقل کیا جاتا ہے، اس دوران متعلقہ نادرا عملہ بھی ساتھ موجود ہوتا ہے۔
چیف سیکرٹری نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ غیر قانونی تارکین وطن کے انخلاء کے عمل میں مکمل تعاون کریں اور اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہاجرین کے انخلاء کے عمل کو تیز کیا جائے۔
انہوں نے وزارت داخلہ سے نادرا کی ٹائمنگ بڑھانے اور دو شفٹوں میں کام کی اپیل کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا تاکہ انخلاء کا عمل مزید مؤثر اور تیز ہو۔
آخر میں چیف سیکرٹری بلوچستان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنی میپنگ بہتر بنائیں اور روزانہ کی بنیاد پر انخلاء سے متعلق رپورٹ پیش کریں۔