اورماڑہ میں قیمتی اراضی من پسند لوگوں کے نام کی جارہی ہے، نیشنل پارٹی

اورماڑہ(قدرت روزنامہ)اورماڑہ میں سٹلمنٹ کے نام پر قیمتی اراضیات کی بندر بانت ہورہی ہے، اراضیات من پسند لوگوں کے نام پر کی جارہی ہیں جو تشویشناک ہے۔ نیشنل پارٹی کے صوبائی ماہی گیر سیکرٹری آدم قادر بخش نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحصیل اورماڑہ میں بنیادی طور پر اراضیات کی سٹلمنٹ 1960 کی دہائی سے ہوئی ہے لیکن اب دوبارہ اورماڑہ میں سٹلمنٹ شروع کی گئی ہے لیکن سٹلمنٹ میں شفافیت مشکوک نظر آرہی ہے۔ سٹلمنٹ کی آڑ میں اراضیات کی بندربانٹ کا کھیل کھیلا جارہا ہے اور اراضیات من پسند لوگوں کے نام کی جارہی ہیں۔ اس سے قبل تحصیل اورماڑہ میں کچھ موضع جات کی سٹلمنٹ ہوئی تھی جن کو ایس او، تحصیلدار سٹلمنٹ، پٹواریوں اور دیگر من پسند لوگوں کے نام کیا گیا۔ اب دوبارہ سٹل شدہ اراضی کو سٹلمنٹ کرنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ سٹلمنٹ کے نام پر قیمتی اراضیات کی بندر بانٹ کی جائے گی۔ جس کا نوٹس لے کر لوگوں کی حق تلفی کو روکا جائے۔