حکومت بلوچستان کی جانب سے کسان کارڈ کا اجرا، حصول کیلئے محکمہ زراعت میں رجسٹریشن کا عمل جاری


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیعی مسعود احمد بلوچ نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت حکومت بلوچستان جلد ہی کسانوں کیلئے کسان کارڈ کا اجرا کر رہا ہے جس کے حصول کیلئے کسان خود کو محکمہ زراعت توسیع کے دفتر میں رجسٹرڈ کرائیں،محکمہ زراعت کے افسران اور ملازمین کسانوں اورزمینداروں کوزراعت سے متعلق جدید معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یاکوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔یہ بات انہوں نے کسان کارڈ کے اجراءکے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں زراعت کے تمام ونگز ایگری کلچر ریسرچ ،ایریکلچر انجینئرنگ کے نمائندوں سمیت ڈائریکٹر انفارمیشن بلوچستان ، ڈائریکٹر آڈاپٹیور یسرچ ،ڈائریکٹر فلوریکلچر اورڈائریکٹر پلانٹ پروٹیکشن نے شرکت کی اجلاس میں الٹرا سافٹ فرم کے نمائندوں نے کسان کارڈ لانچ کرنے کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیعی بلوچستان مسعود احمد بلوچ نے کہا کہ صوبائی وزیر زراعت میر علی حسن زہری کی قیادت میں محکمہ زراعت نے کسانوں کو کسان کارڈ کے اجرا کیلئے کام تیز کردیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کسان کارڈ بلوچستان کے تمام زمینداروں اورکسانوں کو ملے گا جو محکمہ زراعت توسیع کے پاس رجسٹرڈ ہوں گے ۔انہو ں نے کہا کہ جن کسانوں اورزمینداروں نے ابھی تک اپنی رجسٹریشن نہیں کرائی ہے وہ جلد از جلد کسان کارڈ کے حصول کیلئے اپنے ضلع کے زرعی توسیع کے دفتر سے رجوع کریں۔انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ سے زمینداروں کے مالی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ مسند زرعی معلومات تک رسائی اور بینک سے قرض لینے میں مدد ملے گی اور زمیندار ،کسان گھر بیٹھے حکومتی ترغیبات اور رعایتوں کے مستحق ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ جو کسان رجسٹرڈ ہوگاوہ حکومت سے سبسڈی بینک کے ذریعے وصول کرسکے گا جس میں زمینداربندات کی تعمیر ، محکمہ زرعی انجینئرنگ سے تحقیقاتی معلومات ،بیج ،کھاد،ادویات وغیرہ کی مدمیں حکومت کی طرف سے منظورشدہ پروجیکٹ کے تحت حاصل کرسکے گا۔