سندھ میں اوور سپیڈنگ کرنے والوں اور نابالغ ڈرائیورز کیخلاف حکم آ گیا

کراچی ( قدرت روزنامہ )سندھ میں اوور سپیڈنگ کرنے والوں اور نابالغ ڈرائیورز کیخلاف حکم آ گیا ۔

شتفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹریفک حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نابالغ ڈرائیورز کو ہر گز سڑکوں پر نہ آنے دیا جائے، اوور سپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر صوبے بھر میں کریک ڈاؤن سے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلاس کے دوران وزیرِ اعلیٰ سندھ کے ترجمان نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی 9 تا 18 اپریل کی ہفتہ وار رپورٹ وزیرِ اعلیٰ سندھ کو پیش گئی۔جس کے مطابق ہیلمٹ نہ ہونے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 15 ہزار 217 موٹر سائیکلیں ضبط اور فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں پر 1 ہزار 124 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔274 ڈمپر اور ٹینکرز کو فٹنس خراب اور اوور اسپیڈ کرنے پر ضبط کیا گیا جبکہ بڑی اور چھوٹی25 گاڑیوں کی فٹنس نہ ہونے پر رجسٹریشن منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی۔فٹنس نہ ہونے پر 200 بڑی اور چھوٹی گاڑیوں کی رجسٹریشن عارضی منسوخی کی سفارش کی گئی۔

“جنگ ” کے مطابق اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کیے جائیں، گاڑیوں میں پریشر ہارن کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جائے اور پیدل چلنے والوں کے لیے زیبرا کراسنگ پر خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ گاڑیوں میں اضافی لائٹس اور غیر ضروری آوازوں پر فوری چالان کیا جائے، عوامی آگاہی مہم کے ذریعے ٹریفک قوانین کا شعور بڑھایا جائے۔