کیا وزن میں ڈرامائی کمی بیماری کا نتیجہ ہے؟ کرن جوہر نے خاموشی توڑ دی

ممبئی (قدرت روزنامہ) معروف فلم ساز کرن جوہر نے اپنی حالیہ جسمانی تبدیلی کے بارے میں خاموشی توڑ دی ہے۔ انسٹاگرام لائیو سیشن میں کرن جوہر نے مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں اور پہلے سے کہیں بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ کرن جوہر کے وزن میں ڈرامائی انداز میں کمی ہوئی جس کی وجہ سے لوگوں نے یہ اندازے لگانے شروع کردیے تھے کہ شاید وہ کسی سنگین بیماری میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
نیوز 18 کے مطابق کرن نے انکشاف کیا کہ ان کا وزن کم ہونا کسی شو آف کا نتیجہ نہیں بلکہ صحت کی بہتری کے لیے تھا۔ اُن کے مطابق بلڈ ٹیسٹ کے بعد یہ پتا چلا کہ اُنہیں اپنے خون کے اجزاء کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے جس کے بعد انہوں نے خوراک میں سخت پرہیز شروع کیا اور روزانہ صرف ایک وقت کا کھانا کھانے لگے۔
اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے پیڈل بال کھیلنا اور تیراکی کرنا بھی اپنی معمولات میں شامل کیا۔ کرن نے زور دیا کہ انہوں نے یہ سب صحت مند طریقے سے کیا ہے اور دوسروں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنی بھوک کو کنٹرول میں رکھیں اور صرف ضرورت کے مطابق کھائیں۔
گزشتہ سال ایک صارف نے اُن پر اوزیمپک (وزن کم کرنے والی دوا) استعمال کرنے کا الزام لگایا تھا، جس پر کرن نے سختی سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی تبدیلی صرف صحت مند کھانے اور ورزش کا نتیجہ ہے۔