مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کا اصل ہدف بلوچ پشتون وسائل کو ہڑپ کرنا ہے، طاہر بزنجو


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق سینیٹر ودانشور میرطاہر بزنجو نے کہا ہے کہ ملک کے حالات بہت خراب ہیں،سیاسی انتشار اور معاشی بدحالی ہےاپنے مستقبل سے مایوس ہوکر لاکھوں ہنر مند اور باکمال لوگ ملک چھوڑ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں حکومتی رٹ تقریبا ختم ہوچکی ہے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور ان کے ساتھیوں کی غیر قانونی گرفتاری کی وجہ سے بلوچستان میں عوامی بے چینی میں مزید اِضافہ ہورہا ہےلیکن حاکم اپنی غلطیوں کو درست کرنے کیلیے تیار نظر نہیں آتے، انہوں نے بلوچوں اور پختونوں کے وسائل پر بندوق کی طاقت سے قبضہ کرنے کا پختہ ارادہ کرلیا ہےانہوں نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ درحقیقت ملکی اسٹبلشمنٹ ،صدر زرداری اور میاں برادران کا مشترکہ پروجیکٹ ہے اور اس کا اصل ہدف بلوچوں اور پشتونوں کے قیمتی معدنیات کو ہڑپ کرنا ہے اور یہ ایکٹ 18 ویں ترمیم کی عین ضد ،صوبائی حقوق اور خودمختاری کی نفی ہےآئینی اعتبار سے صوبے اپنے وسائل کے مالک ہیں قیمتی منرلز سے متعلق وفاقی اجارہ داری بلوچوں اور پشتونوں کو ہرگز قبول نہیں بلوچ اور پشتون قوم پرست آپس میں مل کر اس بدنما اور بدشکل ایکٹ کے خلاف آواز بلند کریں۔