مظفرگڑھ میں سسرال والوں کا حاملہ خاتون پر خوفناک تشدد، بازو اور ٹانگیں توڑ دیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب کے شہر مظفرگڑھ میں سسرال والوں نے آٹھ ماہ کی حاملہ بہو پر بہیمانہ تشدد کیا، اس کے دونوں بازو اور ٹانگیں توڑ دیں اور زخمی حالت میں اسے گھر سے باہر پھینک دیا۔
قومی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تحصیل جتوئی کے علاقے موضع بستی عارف میں پیش آیا جہاں شوہر، بیٹا اور دیگر سسرالی رشتہ داروں نے آٹھ ماہ کی حاملہ خاتون کو کلہاڑیوں، آہنی راڈوں اور ڈنڈوں سے بہیمانہ طور پر مارا پیٹا۔
خاتون پر الزام لگایا گیا کہ اس کے کردار پر شک ہے جس بنیاد پر اس پر وحشیانہ تشدد کیا گیا۔
شدید مار پیٹ کے نتیجے میں خاتون کے دونوں بازو اور دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں۔ بعدازاں ملزمان نے اسے شدید زخمی حالت میں گھر کے باہر گلی میں پھینک دیا۔
مقامی رہائشیوں نے پولیس کو اطلاع دی جس پر ریسکیو ٹیموں کی مدد سے خاتون کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کو دیے گئے بیان میں متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اس پر حملہ اس کے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں نے کیا، جو اس کے کردار پر شک کر رہے تھے۔
متاثرہ خاتون کے خاندان کی جانب سے قانونی کارروائی سے انکار کے باوجود پولیس نے جتوئی تھانے میں پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جن میں شوہر، سسر، دیور اور بیٹا شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یہ واقعہ نہ صرف صنفی تشدد کی سنگین شکل کو بے نقاب کرتا ہے بلکہ اس بات کا بھی مظہر ہے کہ دیہی علاقوں میں خواتین کو کس قدر بے دردی سے ظلم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اکثر اوقات متاثرہ خاندان انصاف کے لیے آواز اٹھانے سے بھی ڈرتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *