حج 2025؛ شدید گرمی اور لو سے بچنے کیلئے انتظامات مکمل،خصوصی ہدایات جاری

مکہ مکرمہ (قدرت روزنامہ )حج کی آمد آمد ہے اور اس دوران اللہ کے مہمانوں کی خاطرداری کے لئے منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے عرب میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ وزارتِ حج و عمرہ نے حاجیوں کی صحت کو مقدم رکھتے ہوئے متوقع شدید گرمی اور لو کے پیش نظر خصوصی انتظامات کئے ہیں۔اس حوالے سے ‘حج آگاہی مرکز’ کے تعاون سے ایک مہم کا آغاز کیا ہے۔ مہم میں حجاج کو سورج کی تپش اور گرمی سے بچاوکے حوالے سے معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزارت نے ایک حفاظتی کتابچہ بھی شائع کیا ہے جس میں تین اہم حفاظتی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔
حاجیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری طور پر دن کے وقت باہر نہ نکلیں اور اگر بہت ضروری ہو تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں یا چھتری کا استعمال کریں۔ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ پانی کا استعمال زیادہ رکھیں اور پسینہ بہنے سے روکیں۔ سایہ دار مقامات پر آرام کریں۔
علاوہ ازیں یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ سخت جسمانی کام نہ کریں۔ پرسکون رہیں اور شدید گرمی میں جلد بازی سے گریز کریں۔خیال رہے کہ پہلے ہی حاجیوں کو شدید گرمی سے بچانے کے لئے دونوں مقدس مساجد میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔جس کے تحت زیادہ سے زیادہ سایہ دار مقامات تیار کئے گئے ہیں۔ پینے کے ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا گیا ہے اور فضا میں پانی چھڑکاﺅ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ رواں برس 25 لاکھ افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے جو کہ ایک ریکارڈ ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *