دانش تیمور کے 4 شادیوں سے متعلق بیان پر شرمیلا فاروقی بھڑک اٹھیں، کڑی تنقید کا نشانہ بنا دیا

کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے پاکستانی اداکار دانش تیمور کے بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دانش تیمور کا 4 شادیوں سے متعلق بیان عکاسی کرتا ہے کہ مرد کس طرح مذہب کو اپنے تسلط کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
نجی چینل کے پروگرام میں میزبان نے جو نہی اداکار دانش تیمور کا نام لیا تو پی پی پی رہنما نے گہری سانس لیتے ہوئے اداکارہ عائزہ خان کو “معصوم “قرار دے دیا۔پی پی پی رہنما نے کہا کہ دانش تیمور ایک الگ ہی کیرکٹر ہیں جبکہ ان کی اہلیہ (عائزہ خان) اتنی اچھی، سلجھی ہوئی، شریف، بہت معصوم خاتون ہیں، میں انہیں سلام پیش کرتی ہوں کہ انہوں نے معصومیت اور شرافت سے اپنے شوہر کی باتیں سنی کہ انہوں (دانش تیمور) نے بڑا احسان کیا ان (عائزہ خان) کے اوپر کہ میں 4 شادیاں کرسکتا ہوں لیکن فی الحال مجھے آپ ہی سے محبت ہے، یہ بہت توہین آمیز تھا۔
شرمیلا فاروقی کے تبصرے پر میزبان نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ جب میاں بیوی کو کوئی اعتراض نہیں ہے تو پھر آپ کو کیا مسئلہ ہے۔میزبان کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین خصوصاً بیویوں کو بہت کچھ برداشت کرنا پڑتا ہے، وہ ایک لائیو شو میں بیٹھے ہوئے تھے جہاں وہ (عائزہ خان) بے چاری اُٹھ کر اپنے میاں کو کیا کہتی، پتہ نہیں گھر جا کر بھی کچھ بولا ہوگا یا نہیں، لیکن ہمارا معاشرہ ایسا ہے جہاں خواتین کو دبایا جاتا ہے، انہیں سائیڈ لگانے کی کوشش کی جاتی ہے ایسے میں آپ ایک سٹار ہیں لوگ آپ کی پیروی کرتے ہیں آپ سے سیکھتے ہیں تو بہتر ہے کہ کوئی اچھی بات کرلو۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب شرمیلا فاروقی نے اداکار دانش تیمور کو 4 شادیوں کے بیان پر آڑے ہاتھوں لیا ہو۔