لاہور میں تھوک مارکیٹ میں فی کلو چینی 87 روپے کی ہو گئی

لاہور (قدرت روزنامہ) لاہور میں تھوک مارکیٹ میں فی کلو چینی 87 روپے کی ہو گئی، کراچی میں چینی کی ایکس مل قیمت مزید کمی سے 108 روپے تک آگئی، حکومت کی جانب سے درآمدی چینی مارکیٹ کو سپلائی کرنے سے قیمتوں کی صورتحال بہتر ہو گئی . تفصیلات کے مطابق لاہور میں چینی کی قیمت 100 روپے سے نیچے آگئی ہے .

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کی رپورٹ کے مطابق شہر قائد کراچی میں چینی کی ایکس مل فی کلو قیمت 108 روپے کی سطح پر آگئی ہے . جبکہ لاہور میں تھوک مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 87 روپے کی کم ترین سطح تک آگئی . بتایا گیا ہے کہ حکومت نے درآمدی چینی مارکیٹ کو سپلائی کی ہے جس کے بعد قیمتوں میں واضح کمی آئی ہے . حکومت نے درآمدی چینی مارکیٹ میں سپلائی کرنے کے علاوہ گنے کی قبل از وقت کرشنگ شروع کروانے کی کوششیں بھی شروع کر دی ہیں، اس حوالے سے حکومت اور شوگر ملزم کے درمیان مذاکرات جاری ہیں . دوسری جانب وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام نے کہا ہے کہ چینی کا موجودہ بحران صنعتکاروں کی بلیک مارکیٹنگ کی وجہ سے پیدا ہوا جس سے نہ صرف سپلائی چین کے طریقہ کار بلکہ ملک کی اقتصادی ترقی پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں . ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سے ہی صنعتی شعبہ اجارہ داروں کی وجہ سے بے ضابطگیوں کا شکار رہا جو ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے رہے ہیں . سید فخر امام نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو احکامات دیئے ہیں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ شوگر ملیں رولز کے مطابق کام کریں اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والی شوگر ملز کو سزائیں دی جائیں . انہوں نے کہا کہ حکومت مارکیٹ میں چینی کی طلب کو پورا کرنے کیلئے 15 لاکھ ٹن چینی درآمد کر رہی ہے تاہم قیمتوں کو قابو کرنے کیلئے اضافی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے . . .

متعلقہ خبریں