بجلی چوروں کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

لاہور (قدرت روزنامہ)لیسکو نے بڑے بجلی چوروں کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق سیکٹر ہیڈکوارٹرز ستلج رینجرز میں چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ اور سیکٹرکمانڈر ستلج رینجرز بریگیڈیئر سید نیئر عباس کی زیر صدارت ڈسکوز سپورٹ یونٹس کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سی سی پی او لاہور، لیسکو کے تمام سرکلز کے ایس ایز، آئی ایس آئی، ایم آئی اور ایف آئی اے کے نمائندگان نے شرکت کی،اس موقع پر نئے تعینات ہونیوالے چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کوخوش آمدید کہا گیا اور اب تک کی کارروائیوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بڑے بجلی چوروں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور ایسے ملزمان کو دوسروں کے لیے نشان عبرت بنایا جائے گا۔ اجلاس کے شرکاء نے پولیس نمائندگان سے مطالبہ کیا کہ بجلی چوری سے متعلق تاخیر کا شکار ایف آئی آرز فوری طور پر رجسٹرڈ کی جائیں تاکہ ملزمان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جا سکے۔

علاوہ ازیںلاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرانجینئر محمد رمضان بٹ نے لیسکو ہیڈکوارٹرز میں بیٹ رپورٹر ز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوری اقدار کے فروغ اور معاشرتی مسائل کی نشاندہی میں میڈیا اہم کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان میں میڈیا ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ میڈیا اور سرکاری اداروں کا قریبی تعلق عوامی مفاد میں ہے، میڈیا اکثر ایسے مسائل کی نشاندہی کردیتا ہے، جوسرکاری اہلکاروں کی نظر سے بھی اوجھل ہوتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *