والدین کے لیے خوشخبری: اسکولز کو بہن بھائیوں کی فیس میں رعایت دینے کی ہدایت


پشاور(قدرت روزنامہ)پشاورمیں پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے نجی اسکولوں کو بہن بھائیوں کی فیس میں رعایت دینے کی واضح ہدایت جاری کر دی۔ اس حوالے سے اتھارٹی کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے بہن بھائی کی فیس میں کم از کم 20 فیصد رعایت دینا لازمی بنائیں، اور اس فیصلے پر پشاور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اسکولز انتظامیہ فیس رعایت کے معاملے میں والدین سے تعاون کرے تاکہ تعلیم کا بوجھ کم کیا جا سکے۔ اس اقدام کو والدین نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے بچوں کی تعلیم جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔