پی ایس ایل 10: محمد رضوان اور کولن منرو پر بھاری جرمانہ، مگر کیوں؟

دونوں کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 13ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو اور ملتان سلطانز کے محمد رضوان کو میدان میں لڑنا مہنگا پڑگیا، پی سی بی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دونوں پر میچ فیس کا 30 فیصد بھاری جرمانہ عائد کردیا۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اندریس گوس اور کولن منرو کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مطلوبہ ہدف 17 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا تھا۔
میچ کی دوسری اننگز میں 10ویں اوور کے دوران کولن منرو نے افتخار احمد کو دوسری گیند پر چوکا مارا جس کے بعد انہوں نے مسلسل 2 گیندیں مس کروائیں تو کولن منرو نے افتخار کے باؤلنگ ایکشن پر سوال اٹھادیا، جس پر افتخار احمد نے منرو کو براہ راست کچھ نہیں بولا اور امپائر کے پاس پہنچ کر شکایت کی۔
تاہم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان معاملے میں کود پڑے اور انہوں نے کولن منرو کو کھری کھری سنادی، اس دوران منرو بھی خاموش نہ رہے اور وہ بھی جملے کستے رہے، اس موقع پر میدان میں تناؤ کی کیفیت پیدا ہوئی تاہم امپائرز نے فوری مداخلت کرتے ہوئے معاملہ رفع دفع کروایا۔
پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق، دونوں کھلاڑیوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دونوں کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 30، 30 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔
واقعے کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے امپائرز کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے نظم و ضبط کی پاسداری کی یقین دہانی کرائی ہے۔
لیگ انتظامیہ نے تمام کھلاڑیوں کو یاد دہانی کروائی ہے کہ پی ایس ایل ایک بین الاقوامی سطح کی لیگ ہے اور اس میں کھیل کے اصولوں، سپورٹس مین اسپرٹ اور ضوابط کی پابندی انتہائی اہم ہے۔