ملک کے چند علاقوں میں ہلکی بارش کی پیشگوئی


کراچی (قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے ملک کے چند علاقوں میں ہلکی بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، بالائی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے،اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع جن میں پشاور، مردان، سوات اور کوہاٹ بھی شامل ہیں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، سندھ کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہنے کی توقع ہے، جہاں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع جن میں کوئٹہ، تربت، خضدار اور چمن شامل ہیں، میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جہاں چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے جس سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔
اس کے علاوہ لاہور میں سورج کی تپش سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا،شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر کے وقت بادل بھی لاہورکا گھیراؤ کریں گے، شہر میں 5سے 10فیصد بارش کے امکانات موجود ہیں،شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 115 ریکارڈ کی گئی،لاہور آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آ گیا۔
کراچی میں گرمی کی شدت میں برقرار ہے،شہر کا موسم گرم اور مرطوب ہے،موجودہ درجہ حرارت 30ڈگری سینٹی گریڈ ہے،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کاامکان ہے،مغرب سمت سے 13کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے ملک میں26 سے 30اپریل تک ہیٹ ویو کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 26 اپریل سے یکم مئی تک سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت میں اضافے کاامکان ہے اور اس دوران درجہ حرارت 5 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے 27 سے 30 اپریل تک بالائی پنجاب اور اسلام آباد میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری زائدرہنےکاامکان ظاہر کیا ہے جبکہ 27 سے 30 اپریل تک آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید بتانا ہے کہ یکم مئی سے ملک میں ہیٹ ویو کی شدت میں کمی متوقع ہے۔
اس کے علاوہ 30 اپریل سے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اس دوران ژالہ باری کے بھی امکانات ہیں۔