ٹائٹینک سے لکھے گئے خط کی 4 لاکھ ڈالرز میں نیلامی، خط کی خاص بات کیا ہے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)1912 میں ڈوبنے والے مشہور ٹائٹینک جہاز کے مسافر کی طرف سے لکھے گئے خط کو 4 لاکھ ڈالرز میں نیلام کردیا گیا ہے۔
یہ خط 10 اپریل 1912 کو جہاز کی نیویارک روانگی کے وقت آرکیبالڈ گریسی نامی فرسٹ کلاس مسافر کی طرف سے ایک جاننے والے کو لکھا گیا تھا جس میں انہوں نے لکھا تھا یہ ایک اچھا جہاز ہے تاہم میں اس کے بارے میں رائے قائم کرنے میں سفر کے اختتام تک انتظار کروں گا۔
تاہم روانگی کے 4 دن بعد جب جہاز برفانی تودے سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہوگیا تو گریسی نامی اس مسافر نے جہاز سے سمندر میں چھلانگ لگائی اور ایک الٹے ہوئے لائف بوٹ پر چڑھ گیا۔ انہیں بعد میں ریسکیو کیا گیا اور وہ معجزاتی طور پر زندہ بچ گئے، اس حادثے میں 1500 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
لیکن کئی گھنٹوں تک یخ بستہ سمندر میں رہنے میں کے بعد وہ ہائپو تھرمیا کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے کچھ ہی مہنیوں کے بعد ان کی موت واقع ہوئی۔
اب اس واقعے کے سو سال سے بھی زیادہ گزرنے کے بعد گریسی کے اس خط کو 4 لاکھ امریکی ڈالر میں نیلامی کے لیے پیش کیا گیا جسے امریکا کے ایک کالکٹر نے خریدا ہے۔