ملالہ کے نکاح کی تصاویر لینے والی فوٹو گرافر کون ہیں؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسف زئی نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں ہیں جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔آئیے یہاں ملالہ یوسف زئی کے نکاح کی فوٹو گرافر ’میلن فیزہائی‘ کے بارے میں چند اہم معلومات جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔

’میلن فیزہائی‘ کون ہے؟

ملالہ کے نکاح کی تصاویر لینے والی فوٹو گرافر کون ہیں؟
میلن فیزہائی وہ خاتون فوٹوگرافر ہیں جنہوں نے ملالہ کے نکاح کی تصاویر لیں اور اُن کا تعلق سوئیڈن سے ہے لیکن وہ امریکا میں مقیم ہیں۔میلن فیزہائی افریقا، ایشیاء، مشرق وسطیٰ اور امریکا کے تقریباََ 30 سے زائد ممالک میں کام کر چکی ہیں، اس کے علاوہ میلن فیزہائی فوٹوگرافر ہونے کے ساتھ ہی ویژوئل رپورٹر اور فلمساز بھی ہیں۔

’میلن فیزہائی‘ نے اپنے کیرئیر کا آغاز کہاں سے کیا؟

میلن فیزہائی نے اپنے کیریئر کا آغاز اپنے آبائی ملک سوئیڈن سے کیا جہاں انہوں نے فوٹوگرافی کی تعلیم حاصل کی جس کے بعد اقوام متحدہ کی جانب سے میلن فیزہائی کو سب سہارا افریقی ریجن میں شدت پسندی کے واقعات میں بچنے والے افراد کی تصاویر لینے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔میلن فیزہائی کی لی گئی ان تصاویر کو مجموعے کو بعد میں ایک کتاب کی شکل دے دی گئی تھی جو کہ ’SURVIVOR‘ کے نام سے شائع ہوئی تھی۔

’میلن فیزہائی‘ نے کونسا ایوارڈ اپنے نام کیا؟

میلن فیزہائی نے سال 2015ء میں ورلڈ پریس فوٹو ایوارڈ اپنے نام کیا تھا، اس کے ساتھ ہی فوٹو ڈسٹرکٹ نیوز نے سال 2015ء میں ہی میلن کو 30 ابھرتے ہوئے باصلاحیت فوٹوگرافرز میں سے ایک قرار دیا تھا۔’میلن فیزہائی‘ اپنی تصاویر کہاں پوسٹ کرتی ہیں؟
فوٹوگرافر ’میلن فیزہائی‘ کی اپنی ذاتی ویب سائٹ ہے جہاں وہ اپنا زبردست اور شاندار کام پوسٹ کرتی ہیں۔واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی نے اپنے نکاح کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا اور ساتھ ہی اپنے شوہر عصر ملک اور اہلخانہ کی تصاویر شیئر کی تھیں۔عصر ملک جن سے ملالہ یوسف زئی رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں، وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں جنرل منیجر آپریشنز کے عہدے پر فائز ہیں۔