چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کا مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پراہم پیغام
جب ہم یوم مزدور مناتے ہیں، ہم اپنی معیشت اور معاشرے کی تشکیل میں محنت کش افرادکے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ قومی ترقی کے عمل میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے محنت کش لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج، ہم اپنی محنت کش قوت کی غیر متزلزل لگن، انتھک جذبے اور بینظیر شراکت کا احترام کرتے ہیں، جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔
سینیٹر روبینہ خالد نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ ایک باوقار معاشرہ تمام افراد کیلئے عزت، روزگار اور ترقی کے یکساں مواقع کی بنیاد پر ہی تعمیر کیا جا سکتا ہے۔ “جب ہم یوم مزدور مناتے ہیں، ہم اپنی معیشت اور معاشرے کی تشکیل میں محنت کش افرادکے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔ یہ ان کی محنت، ان کی جدوجہد، اور اپنے اور اپنے خاندانوں کے بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کو تسلیم کرنے کا دن ہے۔”
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر ہنر مند پروگرام مستحق خواتین اور ان کے بچوں کو قابل قدر مہارت فراہم کرنے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے عزم کا ثبوت ہے، جس سے مستفید ہونے والے خاندان ہماری قوم کی افرادی قوت میں خود انحصار اور پراعتماد شراکت دار بنینگے۔یہ اقدام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ بی بی شہید کا کہنا تھا کہ ہنر آپ کا سرمایہ ہے — وہ سرمایہ جسے کوئی آپ سے چھین نہیں سکتا۔۔
بینظیر ہنر مند پروگرام کا مقصد نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے بلکہ اس سے مستفید ہونے والوں میں خود اعتماد ی اور خود انحصاری پیدا کرنا ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ خواتین اور ان کے خاندانوں کو ہنر اور علم کے ساتھ بااختیار بنا کر، ہم ان کی صلاحیتوں کو نکھار سکتے ہیں اور ایک خوشحال اور مساوی معاشرے کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے قوم سے اپیل کی کہ وہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ہنر مند اور خوشحال پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں ادارے کا ساتھ دیں ۔۔
انھوں نے مزید کہا کہ “آج ہم اپنی افرادی قوت کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے،منصفانہ اور باوقار روزگار کے حصول کو یقینی بنانے اور ایک ایسی قوم کی تعمیر کے لیے مل کر کام کریں جہاں ہر مزدور اور محنت کش عزت اور احترام کے ساتھ آگے بڑھ سکے۔
آئیے ایک ایسا پاکستان بنانے کے لیے متحد ہو جائیں جہاں ہر فرد کو یکساں مواقع، منصفانہ معاوضہ اور محفوظ کام کرنے کا ماحول میسر ہو۔ ہم مل کر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کو حقیقت بنا سکتے ہیں ایک ہنر مند، خوشحال اور سب کے لیے مساوی پاکستان۔”
