قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا کوئٹہ پریس کلب کا دورہ، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کا اعلان

صحافی عوام و حکومت کے درمیان پل ہیں، بھارت کے منفی عزائم کو ناکام بنائیں گے،سیدال خان


اسلام آباد،کوئٹہ(قدرت روزنامہ)قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے گزشتہ روزکوئٹہ پریس کلب کا خصوصی دورہ کیا، جہاں پریس کلب کے صدر عرفان سعید، سینئر صحافیوں و اراکین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ انہوں نے صحافیوں کے کردار کو جمہوریت کے استحکام اور عوامی مسائل کے حل میں کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے مثر قانون سازی و فلاحی پروگرامز پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خودمختار ریاست ہے، ملکی سالمیت و خودداری پر آنچ نہیں آنے دیں گے، بھارت کے ہر غیر ذمہ دارانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ سیدال خان نے بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے شواہد کو سنگین قرار دیا اور کہا کہ ریاست امن کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے چین و سعودی عرب کے مثبت کردار کو بھی سراہا۔ آخر میں سیدال خان نے پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارک باد دی، گلدستہ و مٹھائی پیش کی اور ڈونیشن کا اعلان کیا، جس پر صحافتی برادری نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

WhatsApp
Get Alert